اسلام آباد: نیب نے ڈپٹی چیئرمین سینٹ سلیم مانڈوی والا کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا مناسب وقت پر ان کے الزامات کا جواب دیا جائے گا،
نیب کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق نیب معزز پارلیمنٹ اور تمام معزز پارلیمنٹرین کا بے حد احترام کرتا ہے۔ قومی ادارے کی نظر میں تمام اراکین کی انتہائی عزت و تقریم ہے اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ کا بھی اسی طرح احترام کیا جاتا ہے۔
ترجمان نیب نے اعلامیے میں کہا کہ سلیم مانڈوی والا کی طرف سے نیب کے بارے میں بنیاد الزامات کا جواب آئین اور قانون کو مدنظر رکھ کر دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سلیم مانڈوی والا نے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہزاد اکبر کیسے کہہ سکتے ہیں کہ میں سینیٹ کے فورم کو استعمال نہ کروں تو کیا پھر سڑکوں پر جا کر اظہار کروں۔ وہ کون ہوتے ہیں جو کہتے ہیں کہ میں سینیٹ کا فورم استعمال نہ کروں۔ انہوں نے کہا تھا کہ چیئرمین سینیٹ کو دوبارہ لیٹر لکھوں گا اور سینیٹ اجلاس کی دوبارہ ریکوزیشن کروں گا کیونکہ ابھی معاملہ ختم نہیں ہوا۔
سلیم مانڈوی والا نے کہا شہزاد اخبر پارلیمنٹ کے کام میں مداخلت نہ کریں کیونکہ مسئلہ سیاسی حوالے سے نہیں ہے بلکہ قومی اداروں کے کام کرنے کا ہے اور کوئی ایسا روز نہیں جب قومی احتساب بیورو کی جانب سے کال موصول نہ ہوئی ہو۔ نیب کرپشن کو روکنے کے لئے بنا ہے اور نجی کاروبار میں مداخلت کے لئے نہیں ہے۔