عراقیوں کے قتل میں ملوث امریکیوں کو معافی

عراقیوں کے قتل میں ملوث امریکیوں کو معافی
سورس: File photo

واشنگٹن ،امریکی صدر نے عراقیوں کے قاتل امریکیوں کو معافی دے دی ۔ امریکی  صدر ڈونلڈٹرمپ نے بلیک واٹر کے چاراہلکاروں کے معافی نامہ پر دستخط کردیئے ۔ 

بلیک واٹر کے ان چار اہلکاروں نے سال 2007 میں 14 عراقیوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا ۔ بلیک واٹر گارڈز کا کہنا تھا کہ ایک کارروائی میں عراقیوں نے ان پر حملہ کیا اوران کی جوابی فائرنگ میں عراقی مارے گئے ۔ 

امریکی عدالت نے بلیک واٹر کے چار اہلکاروں  پال سلو،ایون لیبرٹی ،وسٹن ہرڈ کو تیس تیس سال قید کی سزا سنائی جبکہ نیکولس کو عمرقید کی سزا دی گئی تھی ۔ 

وائٹ ہاؤس کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چاروں افراد سابق امریکی فوجی ہیں جنہوں نے ملک کے لئے گرانقدر خدمات انجام دی ہیں ۔ 

امریکہ میں سول لبرٹیز یونین نے عراقیوں کے قتل میں ملوث بلیک واٹر کے گارڈز کو معافی پر تنقید کی ہے ۔