کراچی ،معروف اداکارہ بشریٰ انصاری نے ملکہ ترنم نورجہاں کی بیسویں برسی پر انوکھا ٹریبیوٹ پیش کرکے اپنی محبت کا اظہار کیا۔ سینئر اداکارہ بشریٰ انصاری نے کئی سال قبل ملکہ ترنم نورجہاں کی زندگی میں ہی ان کے انداز میں گانا گا کر خوب شہرت حاصل کی تھی ۔
بشریٰ انصاری نے ملکہ ترنم نورجہاں کی بیسویں برسی پر کئی سال پرانی ساڑھی زیب تن کرکے اپنی تصویر سوشل میڈیا پر وائرل کردی ۔ تصویر میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بشریٰ انصاری نے وہی ساڑھی پہنی ہوئی ہے جو تصویر میں ملکہ ترنم نورجہاں نے پہنی ہوئی ہے ۔
بشریٰ انصاری نے اس موقع پر کہا کہ میں ملکہ ترنم کی پہنی ہوئی ساڑھی پہن کر خود کو بہت خوش قسمت محسوس کررہی ہوں ۔ بشری انصاری نے ملکہ ترنم نورجہاں کی صاحبزادیوں کا شکریہ بھی ادا کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے یہ ساڑھی ملکہ ترنم نورجہاں کی بیٹیوں نے تحفے میں دی ہے ۔
ملکہ ترنم سال 2000 میں مداحوں سے بچھڑ گئی تھیں ان کے گائے ہوئے گیت آج بھی ان کے مداحوں میں مقبول ہیں ۔