عمران خان کو حکومت کرنی نہیں آتی مگر تابعداری کرنا خوب آتی ہے، مریم نواز

05:34 PM, 23 Dec, 2020

مردان: پی ڈی ایم کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ عمران خان نے خود مہنگائی کا اعتراف کیا اور عوام مہنگائی کیخلاف احتجاج کر رہے ہیں اور کٹھ پتلی وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کسی کو تیاری کے بغیر حکومت میں نہیں آنا چاہیئے اور ان کی تیاری نہیں تھی جس کی وجہ سے 22 کروڑ عوام آج دربدر ہے اور عوام کو بھی پتہ چل گیا ہے کہ عمران خان وزرات عظمیٰ کے لئے اہل نہیں ہیں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا عمران خان کے پاس 200 افراد کی ٹیم ہے لیکن وہ کابینہ ارکان کے ساتھ میوزیکل چیئر کھیل رہے ہیں اور ڈھائی سال میں عوام کو ان کے یہ دو سو افراد نظر نہیں آئے۔ مریم نواز کہا کہ عمران خان جواب دیں انہیں شیروانی پہننے کی اتنی جلدی کیا تھی؟ اور جسے عوام کے سر پر زبردستی مسلط کیا گیا وہ نااہل شخص عمران خان ہے ۔عمران خان کا کہنا تھا میری حکومت چلانے کی تیاری نہیں تھی اور مجھے خسارے اور ملکی قرضوں کے بارے میں علم نہیں تھا جبکہ ان کی صحت کی سہولتیں نہ دینے کی پوری تیاری بھی ان کی تھی کیونکہ خیبرپختونخوا کے ٹیچنگ اسپتال میں وبا کے 8 افراد بغیر آکسیجن جان کی بازی ہار گئے۔

مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر نے کہا کہ عمران خان کی اپنے بہنوئی کو پلاٹ کا قبضہ دلانے کیلئے پولیس میں اتھل پتھل کی تیاری تھی اور آٹے پر 225 ارب کا ڈاکا ڈالنے کی عمران خان کی پوری تیاری تھی جبکہ ایل این جی پر 122 ارب کا ڈاکا ڈالنے کی بھی ان کی پوری تیاری تھی لیکن غریب نوجوانوں کو ایک کروڑ نوکریاں اور 50 لاکھ گھر دینے کی تیاری نہیں تھی۔ 

انہوں نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ دوستوں کو اعلیٰ عہدوں پر فائز کرنے کی ان کی پوری تیاری تھی۔ عمران خان کو حکومت کرنی نہیں آتی مگر تابعداری کرنا خوب آتی ہے۔ 

مزیدخبریں