اسلام آباد: پیپلز پارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے وزیراعظم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کا بیان ناکامی اور نااہلی کا اعتراف ہے کٹھ پتلی وزیراعظم کو تین برسوں بعد یاد آیا کہ حکومت میں تیاری کرنے کے بعد آنا چاہئے۔
نفیسہ شاہ نے کہا کہ خان صاحب بتائیں کہ انکی ناتجربہ کاری اور نااہلی سے ملک کو ہونے والے نقصان کا ذمہ دار کون ہے۔ ثابت ہو گیا کہ ملک پر نااہل اور سلیکٹیڈ حکمران مسلط ہیں اور پیپلزپارٹی یہی بات کرتی رہی کہ یہ حکمران نااہل اور ناتجربہ کار ہیں یہ ملکی معیشت کو تباہ کر دیں گے.
ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کٹھ پتلی وزیراعظم اپنی نااہلی اور ناتجربہ کاری کی سزا ملک اور عوام کو دے رہے ہیں اور وزیراعظم ناکامی کے اعتراف کے بعد اب وزارت عظمی کے عہدے پر فائض رہنے کا جواز کھو بیٹھے ہیں انہیں فوری عہدے سے مستعفی ہو جائیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران نے تقریب سے خطاب میں کرپشن پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کئی دفعہ آسان راستہ تباہی کا راستہ ہوتا ہے۔ ماضی کے سیاستدان جس راستے پر نکلے وہ آج عبرت کا نشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وہ سیاستدان جن کو اللہ تعالیٰ نے بہت کچھ دیا وہ ملک کے سربراہ بن گئے۔ آج ان کے بچے بھاگے ہوئے ہیں، وہ لوگ چوری چھپانے کیلئے جھوٹ بول رہے ہیں۔ پیسوں کیلئے جھوٹ بولنا پڑ رہا ہے اور یہ اللہ کا عذاب ہے۔
انہوں نے اپنی مثال دیتے ہوئے کہا کہ جب کرکٹ میں آیا تو میرے پاس بھی دو راستے تھے۔ بھارتی بکی نے ایک بار رابطہ کرکے کہا کہ ٹاس کا فیصلہ بتا دیں، پیسے بتائیں کتنے لیں گے۔