باکسر عامر خان نے ایک بار پھر رنگ میں اترنے کا اعلان کردیا

Boxer Aamir Khan has once again announced to enter the ring
کیپشن: فائل فوٹو

لاہور: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان نے ایک بار پھر رنگ میں اترنے کا اعلان کردیا ہے۔ سابق یونیفائڈ لائیٹ ویلٹر ویٹ ورلڈ چمپئن آئندہ سال مارچ یا اپریل میں فائٹ لڑینگے۔

خبریں ہیں کہ باکسر عامر خان کا حریف امریکا یا یورپ سے ہوگا۔ یاد رہے کہ عامر خان، کیل بروک اور ڈینی گارشئیا سے فائٹ کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں۔

باکسر عامر خان اب تک 39 فائٹس میں سے 34 جیت چکے ہیں، جن میں 21 ناک آؤٹ ہیں۔ ان کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ باکسنگ کی پروموشن کے ساتھ ساتھ اپنی ٹریننگ پر بھی فوکس رکھے ہوئے ہوں۔ آئندہ سال مارچ یا اپریل میں فائٹ لڑنے کا ارادہ ہے۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ میرا حریف کون ہوگا، یہ ابھی طے نہیں ہوا۔ انہوں نے تسلیم کیا کہ عالمی وبا کی وجہ سے روزمرہ زندگی متاثر ہوئی ہے۔

گزشتہ روز باکسر عامر خان کی وزیراعظم عمران خان سے خصوصی ملاقات ہوئی تھی۔ اس موقع پر معاون خصوصی زلفی بخاری بھی موجود تھے۔ اس ملاقات میں پاکستان میں کھیلوں کے مسائل اور ان کے فروغ پر سیر حاصل گفتگو کی گئی تھی۔

باکسر عامر خان نے کھیلوں کے فروغ کیلئے وزیراعظم عمران خان کی خصوصی توجہ پر ان کی تعریف کرتے ہوئے کہا تھا کہ انھیں امید ہے کہ پاکستان میں سپورٹس کی سرگرمیاں دوبارہ فعال ہونگی۔

خیال رہے کہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر کھیلوں خصوصاً باکسنگ کے فروغ کیلئے انہوں دنوں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے ہیں۔ گزشتہ دنوں انہوں نے کرتارپور میں بابا گرونانک کے گردوراہ کا بھی دورہ کیا تھا اور وہاں پاکستانی حکومت کی جانب سے سکھ یاتریوں کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کی بہت تعریف کی تھی۔ اس سلسلے میں انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھی ایک خصوصی ویڈیو جاری کی تھی۔