نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ، پاکستان کرکٹ ٹیم تارنگا پہنچ گئی

10:59 AM, 23 Dec, 2020

تارنگا: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے کیلئے پاکستان کرکٹ ٹیم تارنگا پہنچ گئی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 دسمبر سے ماؤنٹ منگنوئی میں ہوگا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم کا اسکواڈ بذریعہ بس نیپئر سے تارنگا پہنچا جبکہ دیگر ٹیسٹ کرکٹرز بھی وانگرائے سے بذریعہ ہملٹن تارنگا پہنچ چکے ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان شاہینز کے ٹی ٹونٹی سکواڈ میں شامل کھلاڑی تارنگا سے ہملٹن پہنچ گئے ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق پاکستان شاہینز کو پہلا ٹی ٹونٹی میچ 27 دسمبر کو ناردرن نائٹس کے خلاف ہملٹن میں کھیلنا ہے۔ ادھر ٹی ٹونٹی سکواڈ کا حصہ محمد حفیظ اور عماد وسیم قومی سکواڈ سے الگ ہو گئے ہیں۔ عماد وسیم بگ بیش لیگ کھیلنے آج آسٹریلیا جبکہ محمد حفیظ کل آکلینڈ سے پاکستان کیلئے روانہ ہوں گے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز پاکستان نے نیوزی لینڈ کیخلاف تیسرا ٹی ٹونٹی میچ جیت لیا تھا۔ اس میچ میں وکٹ کیپر محمد رضوان کی کارکردگی سب سے شاندار رہی جنہوں نے جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔

محمد رضوان نے کسی کیوی باؤلر کا دباؤ قبول نہ کیا اور ایسی شارٹس کھیلیں جس سے ان کے پراعتماد ہونے کا بھرپور اظہار ہوا۔ انہوں نے اس میچ میں 89 رنز کی یادگار اننگز کھیلی۔ اگرچہ پاکستان نے ٹی ٹونٹی سیریز گنوا دی تھی تاہم آخری میچ میں محمد رضوان کی وجہ سے کلین سوئپ کا داغ نہیں لگ سکا۔

تیسرے ٹی ٹونٹی میں محمد رضوان کیساتھ قومی ٹیم کے سینئر بلے باز محمد حفیظ نے بھی اپنی تجربہ کاری کے بھرپور جوہر دکھائے اور اچھے رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ انہوں نے 41 رنز کی اننگز کھیلی۔ خیال رہے کہ دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں بھی محمد حفیظ نے شاندار بیٹنگ کی تھی، انہوں نے اس میچ میں 99 رنز بنائے تھے۔ تاہم ان کی بہترین کارکردگی کے باوجود پاکستان یہ میچ جیتنے میں ناکام رہا تھا۔

مزیدخبریں