کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کی وفاقی حکومت فیل ہو گئی ہے۔ کمزور حکومت ایم کیو ایم کی چھ سیٹوں سے چل رہی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاک سرزمین پارٹی شہر کو لاوارث نہیں چھوڑے گی۔ ہم پر عوام کا بہت زیادہ دباؤ ہے کہ ان سے حقوق چھینیں، ہماری وجہ سے شہر میں امن ہے۔ شہر میں لاوا پک رہا ہے، لوگ ناراض ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دھول جھونکنے کیلئے یہ اختلافی نوٹ ڈالتے ہیں۔ جب تک یہ نمائندے رہیں گے، ہمارے بچوں کو فلاح نہیں مل سکتی۔ چار سال میں شہر کو لوٹ لیا، اس پر کیس نہیں بن رہا کیونکہ وہ حکومت کا حصہ ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ان کا میئر اربوں کی کرپشن کرکے آزاد گھوم رہا ہے۔ وسیم اختر کی کرپشن پر کسی کو کوئی شک ہے۔ جب تک شہر کا چوکیدار نہیں بدلو گے شہر محفوظ نہیں رہ سکتا۔ جو اس شہر کے خلاف سازش کر رہا ہے، وہ ملک کے خلاف سازش کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی وفاقی حکومت فیل ہو گئی ہے۔ کمزور حکومت ایم کیو ایم کی چھ سیٹوں سے چل رہی ہے۔ یہ استعفے دیں اور باہر آئیں تو حکومت ان کی بات مانے گی۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے جبکہ سارے توپ کے دہانے پنجاب کی طرف کیے ہوئے ہیں۔
پی ایس پی سربراہ نے کہا کہ آپ ہمیں ٹرانسپورٹ نہیں دے رہے، نوکری نہیں دے رہے۔ آپ ہمیں پینے کا پانی نہیں دے رہے، سیوریج کا نظام نہیں دے رہے۔ ہم مردم شماری کو رد کرتے ہیں، حکومتی فیصلے کو رد کرتے ہیں۔ آصف زرداری نے بیان دیا کہ کراچی کی آبادی 3 کروڑ سے کم نہیں ہے۔ ایسے علاقے ہیں جہاں ووٹرز زیادہ ہیں اور آبادی کم ہے۔ سب ملک کا خون چوس رہے ہیں، سب لٹیرے ہیں۔ سب سے مہنگی بجلی اور گیس دے رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت پیپلز پارٹی چلا رہی ہے۔ سندھ میں پیپلز پارٹی کی حکومت عمران خان چلا رہا ہے۔ ایم کیو ایم ایجنٹ ہے، سوداگر ہے، مہاجر نام پر جھوٹی سیاست کرتے ہیں۔