لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے احسن اقبال کی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے نیب اور حکومت کا گٹھ جوڑ قرار دیدیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ، شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین، پاکستان کی دوستی اور سی پیک کو مضبوط بنانے والے شخص کی گرفتاری قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔ پاکستان کی خدمت کرنے والی شاندار ٹیم کے ایک اور رکن کی گرفتاری اچھی روایت نہیں ہے۔ احسن اقبال کی گرفتاری کا مقصد حکومت کی نالائقی اور نااہلی کو عوام کے سامنے بے نقاب ہونے سے روکنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ احسن اقبال پارٹی کی تنظیم نو اور ملک بھر میں عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لئے سیاسی سرگرمیاں کر رہے تھے۔ جس ادھورے منصوبے کو مکمل کرنے پر انھیں شاباش ملنا چاہیے تھی، اس میں گرفتاری سیاسی انتقام کی بدترین مثال ہے۔
لیگی صدر نے الزام عائد کیا کہ عمران خان کی حکومت سیاسی انتقام میں اندھی ہو چکی ہے۔ جن لوگوں نے پاکستان عوام کی ایمانداری، محنت اور قومی جذبے سے خدمت کی، انہیں گرفتار کرکے اچھا پیغام نہیں دیا جا رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا ہر سپاہی، کارکن اور ٹیم ممبر حکومت اور نیب کے گٹھ جوڑ سے گھبرا کر سچ بولنے سے باز نہیں آئے گا۔ حکومت کی سی پیک، عوام اور پاکستان دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے رہیں گے۔