اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات ، جس میں سندھ کی جانب سے دیئے گئے ایجنڈے پر بات چیت کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ملاقات مشترکہ مفادات کونسل سے پہلے ہوئی،جس میں صوبے سے متعلق پراجیکٹس پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس جاری ہے، پٹرولیم پالیسی 2012 کے ترمیمی مسودے کی منظوری سمیت 16 نکاتی ایجنڈہ پر غور ہوگا۔
کونسل کے اجلاس میں چاروں وزرائے اعلی، وزیر بین الصوبائی روابط اور چیف سیکرٹریز شریک ہیں، صوبوں کو پانی کے خالص منافع پر عملدرآمد کے فارمولے پر بحث ہوگی۔
اجلاس میں پیٹرولیم پالیسی 2012 کے ترمیمی مسودہ، ایل این جی درآمد، ایل پی جی رائیلٹی کا معاملہ اور پانی کی تقسیم کے معاہدے سے متعلق اٹارنی جنرل کی سفارشات کا جائزہ لیا جائے گا۔ حویلی شاہ بہادر اور بلوکی پاور پلانٹس کی نجکاری کی سمری بھی زیر غور ہو گی۔
پنجاب حکومت کی جانب سے صوبوں کو فنڈز کی غیر قانونی منتقلی کا معاملہ اور صوبہ سندھ کی جانب سے صوبوں کے فنڈ سے ایف بی آر کی غیر قانونی اور غیر آئینی کٹوتی کی سمری بھی ایجنڈے میں شامل ہے، ایجنڈے کے مطابق چیئرمین واپڈا اور ارکان کی تقرری سے متعلق ڈرافٹ بھی اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔