وزیر خارجہ شاہ محمود، وزارت خارجہ کے حکام کے ہمراہ چار ملکی دورہ کریں گے

08:49 PM, 23 Dec, 2018

اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزارت خارجہ کے اعلیٰ حکام کے ہمراہ چار ملکی دورہ پر  پیر کو روانہ ہوں،  دورہ کا مقصد حکومت کی پالیسی کے تحت ہمسایہ ممالک کے ساتھ باہمی تعلقات کا استحکام ہے۔

دفتر خاجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اپنے دورہ کے دوران وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی تمام ممالک کی اعلیٰ قیادت کے ساتھ باہمی تعلقات کے فروغ اور دیگر مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے اضافہ پر تبادلہ خیال کریں گے۔ یہ دورہ معاشی اور عوام کے عوام سے رابطوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ علاقائی تعاون کو وسعت دینے کا حصہ ہے۔

وزیراعظم عمران خان کے ویژن پر عمل درآمد کے تحت پاکستان خطے کے ممالک اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو مستحکم کرنا چاہتا ہے‘ اس طرح کے تعاون سے ہمسایہ ممالک کے اقتصادی تعاون اور ترقی و خوشحالی کو فروغ حاصل ہوگا۔

بیان کے مطابق وزیر خارجہ اپنے دورہ کے موقع پر دوطرفہ تعاون کے فروغ کے ساتھ ساتھ تیزی سے بدلتی ہوئی علاقائی و عالمی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کریں گے اور ملاقاتوں کے دوران افغانستان میں امن و بحالی کیلئے کئے جانے والے حالیہ اقدامات پر بھی مشاورت کی جائے گی۔پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن وامان کیلئے افغان قیادت کے زیر انتظام امن عمل کی حمایت کی ہے۔

عالمی برادری نے بھی افغانستان میں جاری40 سالہ تنازعات کے خاتمہ کیلئے پاکستان کے اصولی موقف کی حمایت کی ہے جو پاکستان کے لمبے عرصے سے جاری مصالحتی پالیسی کی عکاسی کرتا ہے۔

مزیدخبریں