لاہور: سردی نے حد کردی، کڑاکے کی ٹھنڈ میں معمولات زندگی جم کر رہ گئے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق اگلے دو سے تین روز کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہیگا۔
پنجاب کے میدانوں، بالائی سندھ اور پشاورڈویژن میں دھند کا راج، حد نگاہ صفر ہو گئی۔ موٹر وے ایم ون رشکئی کئی گھنٹوں تک ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند رہی۔ ٹریفک حکام نے شہریوں سے رات کے اوقات میں غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب شمالی علاقوں میں بھی شدید سردی کی لہر جاری ہے، موسم کا حال بتانے والوں نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران بالائی علاقوں میں کہر پڑنے اور پشاور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند کا سلسلہ جاری رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریکارڈ کیے گئے سرد ترین مقامات میں درجہ حرارت منفی 11 سینٹی گریڈ سکردو میں رہا جبکہ گوپس منفی07، استور، ہنزہ، کالام منفی 06، کوئٹہ منفی 05، قلات اور گلگت میں منفی 04 ریکارڈ کیا گیا۔ بگروٹ، راولا کوٹ، دیر، بونجی بھی منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا۔
لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان، وہاڑی، ساہیوال، اوکاڑہ، میاں چنوں، خانیوال جنوبی پنجاب سمیت پشاور آج بھی شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں۔