اسلام آباد:ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان نے ملک بھر کی سرکاری یونیورسٹیوں میں دسٹنس ایجوکیشن ڈگری پروگرامز بند کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایچ ای سی نے (Distance Education Degree ) پروگرامز بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے اور اس ضمن میں یونیورسٹیوں کو تنبیہ کی ہے کہ 16 فروری 2018ءکے بعد ہونے والے داخلے غیر قانونی تصور کیے جائیں گے۔
ہائیرایجوکیشن کمیشن پاکستان کی جانب سے جاری کیے گئے مراسلے کے مطابق سرکاری یونیورسٹیوں میں ایم ایس، ایم فل اور انڈرگریجویٹ کی ایسی ڈگریاں بند کر دی گئی ہیں جو(Distance Education Degree )پروگرام کے زمرے میں آتی ہیں۔ یکم مارچ 2016ءکے بعد ایم فل اور پی ایچ ڈی ڈگری میں اس پروگرام کے تحت داخل ہونے والے طلباءکی ڈگریاں بھی غیر قانونی تصور کی جائیں گی۔
ایچ ای سی نے واضح کر دیا ہے کہ 16 فروری 2018ءکے بعد یونیورسٹیوں کی جانب سے جاری کی گئی ڈگریوں کی تصدیق نہیں کی جائے گی اور ایسی تمام ڈگریاں غیر قانونی تصور ہوں گی۔
گومل یونیورسٹی ڈیرہ اسماعیل خان، شاہ عبد الطیف یونیورسٹی خیر پور، گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد، یونیورسٹی آف سندھ جامشورو، یونیورسٹی آف پشاور، بہاؤ الدین زکریا یونیورسٹی ملتان، انٹرنیشنل اسلامک یونیورسٹی اسلام آباد، آئی بی اے سکھر، یونیورسٹی آف ایگری کلچر فیصل آباد، اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور، یونیورسٹی آف بلوچستان کوئٹہ، کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد میں(Distance Education Degree ) پروگرامز بند کردیا گیا ہے۔ایچ ای سی کے مطابق اس مراسلے کا اطلاق ورچوئل یونیورسٹی آف پاکستان اور علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی پر نہیں ہوگا۔