لاہور:پاکستان سپر لیگ کی ٹیموں کے فائنل ہونے کے بعد نئی اور چھٹی ٹیم کا نام فائنل ہونا رہ گیا جس کیلئے انتظامیہ نے فیصلہ شائقین پر چھوڑ دیا ۔
ذرائع کے مطابق علی ترین کی ٹیم انتظامیہ نے اعلان کیا ہے کہ پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کا نام تجویز کرو اور لائیو میچ کادعوت نامہ حاصل کرو۔پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم خریدنے والے جہانگیرخان ترین کے صاحبزادے علی ترین نے اپنی ٹیم کیلئے شائقین سے نام مانگ لئے ہیں۔
ٹویٹر پرایک پیغام میں علی ترین نے کہاکہ شائقین ایسانام تجویز کریں جو جنوبی پنجاب کی نمائندگی کرتاہو۔انہوں نے مزیدکہاکہ وہ ٹیم کے نام کے ساتھ ملتان برقرار رکھنا چاہتے ہیں تاہم ہم ملتان سلطان والے نام میں سے سلطان کوتبدیل کرسکتے ہیں۔
اس سے قبل پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم کی بولی لاہور میں ہوئی جس میں علی ترین کامیاب بڈر ٹھہرے اور اس طرح انہوں نے7سال کیلئے چھٹی ٹیم کے مالکانہ حقوق حاصل کر لئے ہیں۔پی سی بی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ”چھٹی ٹیم “ کی 7سال کے لیے قیمت 73کروڑ روپے سالانہ رکھی گئی تھی تاہم علی ترین نے اس سے بھی زیادہ کی بولی لگا ئی ہے،پی ایس ایل کی چھٹی ٹیم تقریبا73کروڑ روپے میں فروخت ہوئی ہے۔
میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے علی ترین نے کہا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو بتانا چاہتا ہوں کہ پی ایس ایل میں ایک بار پھر جنوبی پنجاب کی ٹیم نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھٹی ٹیم ملتان کا نام مشاورت سے رکھیں گے اور اگر قانون نے اجازت دی تو ملتان سلطانز نام رکھنے میں کوئی حرج نہیں۔انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب میں ٹیلنٹ تلاش کریں گے۔