جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے اپنی سیاسی جماعت کا منشور جاری کر دیا

جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے اپنی سیاسی جماعت کا منشور جاری کر دیا

لاہور: عام لوگ اتحاد پارٹی کے سر براہ جسٹس (ر) وجیہہ الدین نے اپنی جماعت کا منشور جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہماری سیاست کا مقصد عوام کی خدمت،خدمت اور خدمت ہے ،ہم اپنی جماعت کے نام کی طرح عام لوگوں کو ہی آگے لاکر حقیقی تبدیلی لا کر دکھائیں گے ،جماعت کا کوئی عہدیدار انتخابات میں حصہ نہیں لے گا اورامیدواروں کو حلقے کے سروے کے بعد ٹکٹ جاری کیا جائے گا ،پالیسی میکرز صرف پالیسی ہی مرتب کریں گے ،اگر عوام نے موقع دیا تو ہم کسی کسان سے زیادتی نہیں ہونے دیں اس کے لئے زرعی اصلاحات لائیں گے ،معاشی پالیساں بنائیں گے ،ٹرانسپورٹ اور صحت و تعلیم میں اس طرح کے کام کریں گے کہ اس میں امیر اور غریب کو ایک صف میں کھڑا کردیں گے ۔


پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت بہت سی اہم سیاسی شخصیات ہماری پارٹی میں شامل ہونے کے لئے ہم سے رابطے کررہی ہیں اور بہت سے لوگ مجھ سے ملاقاتیں بھی کر چکے ہیں ۔آئندہ لاہور کے دورے میں یہ شخصیات باقاعدہ ہماری پارٹی میں شمولیت کااعلان کریں گی ۔


انہوں نے کہا کہ ہم نے صاف اور شفاف کردار کے حامل لوگوں کو پارٹی میں لانا ہے ۔ہمارا مقصد عوام کی خدمت ہے اور یہ خدمت ہم عوام کے عام لوگوں کو اپنی پارٹی کا پلیٹ فارم مہیا کرکے ان سے ہی کروائیں گے ۔ہم ایسی فلاحی ریاست بنائیں گے کہ جس میں امیر اور غریب دونوں کو برابر کے حقوق حاصل ہوں گے ۔ہم ایسی پالیساں بنائیں گے کہ جن لوگوں نے کسی بھی وجہ سے اپنا سرمایہ باہر کے ممالک میں رکھا ہوا ہے وہ پاکستان لانے پر مجبور ہو جائیں گے بلکہ یہاں پر سرمایہ کاری کریں گے اور اس طرح سے روز گار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔