کراچی: سندھ کے سابق وزیرشرجیل میمن نے کہا ہے کہ جنہیں شاہانہ پروٹوکول دیا جارہا ہے وہ لندن گھوم رہے ہیں.جن کا شاہانہ احتساب ہورہا ہے وہی رو رہے ہیں،جنہیں جیل بھیجا جارہا ہے وہ مقدمات کا سامنا کررہے ہیں۔
کراچی کی احتساب عدالت میں صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ تحفظات ہیں مگر عدلیہ کے خلاف کوئی تحریک نہیں چلائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نواز شریف نہیں ہیں جو عدالتوں پر حملے کرے۔انہوں نے کہا کہ نیب کادہرا معیارمناسب نہیں،یہ امتیازی سلوک ہے، اعلیٰ عدالتوں کو نوٹس لینا چاہیے۔شرجیل میمن کاکہنا تھا کہ سندھ میں انتقامی کارروائیاں کی جارہی ہیں۔باقی علاقوں میں وی وی آئی پی پروٹوکول دیے جارہے ہیں۔وہاں شاہی خاندان کو ضمانت کی ضرورت ہی نہیں۔
شرجیل میمن نے کہا کہ نیب کا دہرا معیار مناسب نہیں، وہ نواز شریف نہیں جو عدالتوں پر حملے کریں.نواز شریف سیاسی شہید بننے کیلئے سیٹ اپ ڈسٹرب کرنا چاہ رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ میاں صاحب فیصلے حق پر آنے پر مٹھائیاں بانٹتے ہیں اور خلاف آجائے تو تحریک کی دھمکی دے رہے ہیں. ان کا کہنا تھا شکایتیں ہمیں بھی ہیں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہم بھی عدلیہ کے خلاف تحریک چلائیں۔