کراچی: سندھ کے مشیر اطلاعات مولا بخش چانڈیو نے رینجرز کے چھاپوں پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا لگتا ہے کہ یہ کارروائیاں سیاسی انتقام کے طور پر کی گئیں۔
صحافیوں سے گفتگو کر تے ہوئے ان کا کہنا ہے کہ بڑی محنت سے یہ تاثر قائم کیا کہ اداروں کے درمیان اختلاف نہیں،تاہم آج کی کارروائی سے اس تاثر کی نفی کی گئی۔
مولا بخش چانڈیو نے مزید کہا کہ سندھ حکومت کو اس کارروائی سے پہلے اعتماد میں لینا چاہیے تھا، ابھی تو آصف زرداری آئے ہیں، 27دسمبر کا انتظار کریں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت، پولیس اور رینجرز کی مشترکہ کاوشوں سے امن قائم ہوا، کوئی شخص مجرم ہے تو اسے گرفتار کیا جائے،ہم کسی کارروائی میں رکاوٹ نہیں پیدا کرتے، ہم نے ایک بہتر فضا والی روایت قائم کی، اس کارروائی سے نقصان پہنچا۔
مولا بخش چانڈیو نے کہا کہ ابھی تو شروعات ہوئی ہے، آصف زرداری کے تجربے کے ساتھ جب بلاول بھٹو قیادت کریں گے تو مخالفین کو کہیں گے کہ پگڑی سنبھال جٹا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آصف صاحب کے تجربے سے مخالفین پریشان ہوں گے، بلاول بھٹو آصف زرداری کے تجربے اور تدبر کے ساتھ پارٹی کی قیادت کریں گے۔