ممبئی: بالی ووڈ کے معروف ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’’پدماوتی‘‘ میں دپیکا پڈوکون اور شاہد کپور پرگانے کی عکس بندی کے دوارن ایک سین فلمانے پر 8 گھنٹے صرف ہوگئے۔
ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی تاریخی فلمیں بنانے کے حوالے سے جانے جاتے ہیں اور گزشتہ سال ان کی فلم ’’باجی راؤ مستانی‘‘ نے باکس آفس پرشاندار کامیابی حاصل کی تھی جس کے بعد اب انہوں نے ایک اور تاریخی فلم ’’پدماوتی‘‘ شروع کر رکھی ہے جب کہ تاریخی فلموں کی شوٹنگ کے دوران سنجے لیلاایک ایک منظر پر کافی محنت کرتے ہیں یہی وجہ ہے کہ نئی فلم کی شوٹنگ میں ایک سین کی عکس بندی نے طویل ترین وقت لے لیاہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم میں دپیکا اورشاہد پر ایک گیت کو فلمانے میں 39 روز لگ گئے جب کہ گیت کے ایک سین کی عکس بندی پر 8 گھنٹے صرف ہوئے جو منگل کی رات 10 بجے شروع ہوا اور بدھ کی صبح 6 بجے تک فلم سٹی اسٹوڈیو ممبئی میں جاری رہا۔