روس کے صدر پوتن نے زوردے کر کہا ہے کہ ان کا ملک فوجی اور دفاعی میدان میں ایک طاقتور ملک ہے-
روسی صدر ولادیمیرپوتن نے بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنے کی توانائی میں اضافے کے تناظر میں اپنے ساٹھ فیصد ایٹمی ہتھیاروں کی جدید کاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ماسکو کو فوجی میدان میں اپنے ہر دشمن کے مقابلے میں برتری حاصل ہے -
کرملین کی ویب سائٹ نے جمعے کو روسی صدر پوتن کے حوالے سے لکھا ہے کہ انہوں نے ایک اعلی سطحی دفاعی اجلاس میں کہا کہ اس وقت روس ہر دشمن کے مقابلے میں فوجی برتری کا حامل ہے - روسی صدر نے اس اجلاس میں کہا کہ اس برتری کے باوجود دفاعی اور سیکورٹی میدانوں میں اپنے پروگراموں کو جاری رکھنا اور آگے بڑھاتے رہنا چاہئے-
ان کا کہنا تھا کہ طے شدہ پروگراموں کے تحت دوہزار سولہ میں بھی روسی افواج کو جدید ہتھیاروں سے لیس کرنے کا عمل جاری رہا اور اس وقت روسی افواج کی تینوں ایٹمی یونٹیں توانائی اور آمادگی کے لحاظ سے انتہائی اعلی درجے پر ہیں -
پوتن نے کہا کہ روس کی تینوں ایٹمی یونٹیں یعنی بین براعظمی ایٹمی میزائل ، ایٹمی میزائلوں کے ساتھ انتہائی طویل فاصلوں تک پرواز کرنے والے طیارے اور ایٹمی ہتھیاروں کوفائر کرنے والے بحری بیڑے یہ سبھی طاقت کے توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کررہے ہیں - انہوں نے کہا کہ دوہزار اکیس تک روسی افواج کو ستر فیصد جدید ترین ہتھیاروں سے لیس ہوجانا ہے -