ایک تحقیق میں کہا گیا ہے کہ کرسمس میں حد سے زیادہ انٹرنیٹ براؤزنگ اور تمام مثالی اہل خانہ اور چھٹیوں کی تصاویر دیکھنے سے لوگ غمزدہ ہو سکتے ہیں۔ کوپن ہیگن یونیورسٹی کی جانب سے کی گئی تحقیق میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کا حد سے زیادہ استعمال حسد کا احساس پیدا کر سکتا ہے۔
اس تحقیق میں خاص طور پر تنبیہہ کی گئی ہے کہ کسی سے بات کیے بغیر سوشل میڈیا کی صرف براؤزنگ کرنے کے منفی اثرات مرتب ہوں گے۔لوگوں سے کہا گیا ہے کہ یہ موقع ہے کہ سوشل میڈیا سے بریک لیا جائے۔
اس تحقیق میں ایک ہزار افراد جن میں زیادہ خواتین تھیں سے بات کی گئی۔تحقیق میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا کا تواتر سے استعمال خاص طور پر فیس بک کے استعمال سے صارف کی زندگی کے حوالے سے خیالات اور جذبات پر منفی اثرات پڑ سکتے ہیں۔محققین کا کہنا ہے کہ دوسرے لوگوں کی سوشل میڈیا کی کہانیوں پر حد سے زیادہ وقت گزارنے سے موڈ خراب ہو سکتا ہے اور حسد پیدا ہو سکتا ہے۔
تاہم تحقیق میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر دوسرے افراد سے باتیں کرنے سے مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔تحقیق میں مزید کہا گیا ہے کہ اپنی زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ایک طریقہ یہ بھی ہے کہ ایک ہفتے کیلئے سوشل میڈیا کو ترک کردیا جائے۔