اسلام آباد :ملک کے تمام علاقوں میں بارشوں کے نا ہونے سے بچوں سمیت بڑے کئی بیماریوں کی زد میں ہیں ۔ جبکہ فصلوں کے لیے ضروری بارش نہ ہونے کی وجہ سے ذراعت کے شعبے سے وابسط افراد میں بھی پریشانی کی لہر پائی جاتی ہے ۔
لیکن آج محکمہ موسمیات کے حکام نے شہریوں کو خوشخبری سنائی ہے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں میں ملک کے بالائی علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے جب کہ سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بوندا باندی بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے آج رات سے سوموار کے دوران خیبرپختونخوا، فاٹا، گلگت بلتستان سمیت کشمیر کے کئی علاقوں میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشنگوئی کی گئی ہے۔
آئندہ 24گھنٹوں میں خیبرپختونخوا ہ کے علاقوں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، کوہاٹ، مردان، بنوں اور ڈی آئی خان ڈویژن سمیت فاٹا، گلگت بلتستان اور کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری جبکہ کوئٹہ، ژوب ڈویژن، بالائی پنجاب کے راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویژن اور اسلام آباد میں چند مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
جب کہ مکران اور سندھ کے ساحلی علاقوں میں ہلکی بارش، بوندا باندی کا بھی امکان ہے اس کے علاوہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم خشک رہے گا اور پنجاب کے میدانی علاقوں سمیت اور بالائی سندھ میں رات اور صبح کے اوقات میں شدید دھند کا بھی امکان ہے۔