ایران بس حادثے میں جاں بحق افراد کی میتوں کو پاکستان پہنچا دیا گیا

11:33 PM, 23 Aug, 2024

 ایران: بس حادثے میں جاں بحق افراد کی میتیں لے کر ایئر فورس کا سی ون 30 طیارہ پاکستان پہنچ گیا۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ  یزد بس حادثے کے شہداء کی میتیں پاکستان روانہ کردی گئیں ہیں ، میتیں لے کر آنے والے سی 130 جہاز نے پاکستانی وقت کے مطابق 6 بجے اور ایرانی وقت کے مطابق 4 بجے یزد ائیرپورٹ سے اڑان بھری۔

سفارتی ذرائع کے مطابق  ایرانی حکام نے پورے پروٹوکول کے ساتھ زائرین کی میتوں کو رخصت کیا، زائرین کی میتوں کی روانگی سے قبل یزد ہوائی اڈے پر تعزیتی تقریب کا انتظام بھی کیا گیا،  تقریب میں یزد کے گورنر، مقامی حکام اور پاکستانی سفارت خانے کے سیکنڈ سیکرٹری و دیگر حکام بھی موجود تھے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ  شہداء کے لیے  خاک امام رضا ؑ کا ہدیہ بھی دیا گیا۔ اس موقع پر  تقریب میں زائرین، ایران میں موجود پاکستانی بھی موجود تھے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ  میتوں کے تابوت پاکستانی و ایرانی پرچم میں لپیٹ کر روانہ کیے گئے ہیں، میتوں کے ساتھ پاکستانی قونصلر برائے زاہدان محمد صدیق بھی ہیں،محمد صدیق جہاز میں میتوں کے ساتھ پاکستان پہنچ رہے ہیں۔

سفارتی ذرائع کے مطابق  میتوں کے ہمراہ کچھ زخمی بھی پاکستان پہنچ رہے ہیں۔ ایرانی حکومت کی جانب سے بس حادثہ میں زخمی زائرین کا مفت علاج کیا گیا۔

یادرہے کہ پاکستان سے ایران روانہ ہونے والی زائرین کی بس کو گزشتہ دنوں حادثہ پیش آیا تھا، جس میں 51 افراد سوار تھے، حادثے میں 28 زائرین جاں بحق اور 23 زخمی ہوئے جبکہ  14 زائرین کی حالت تشویشناک ہے۔

مزیدخبریں