الیکشن ایکٹ ترامیم کیس: لاہور ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا

12:14 PM, 23 Aug, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور : لاہور ہائیکورٹ  نے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کیخلاف درخواست پر  وفاقی حکومت اور الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کرکے جواب مانگ لیا ہے. 

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شکیل احمد نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے دائر درخواست پر سماعت کی جس میں الیکشن ایکٹ میں ترامیم کو چیلنج کیا گیا ہے. عدالت نے درخواست پر اٹارنی جنرل پاکستان کو بھی آئندہ سماعت پر معاونت کیلئے طلب کر لیا.

عدالت نے درخواست آئندہ سماعت پر دستیاب بنچ کے روبرو پیش کرنے کی ہدایت کی. درخواست میں یہ اعتراض اٹھایا گیا کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے کو بے اثر کرنے کی گئی. سپریم کورٹ نے ایک فیصلہ دیا اور اس فیصلے پر عمل کرنے کے بجائے الیکشن ایکٹ میں ترامیم کر دیں گئیں.

درخواست میں یہ قَانونی نکتہ بھی اٹھایا گیا کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم کا اطلاق ماضی سے کیا گیا ہے اور  قانون کے اصول کے تحت کسی قانون کا ماضی سے اطلاق نہیں کیا جا سکتا .

 درخواست میں استدعا کی گئی کہ الیکشن ایکٹ میں ترامیم کو کالعدم قرار دیا جائے. درخواست پر آئندہ سماعت 30 اگست کو ہوگی۔

مزیدخبریں