اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)نے موبائل ایپ کا استعمال کرتے ہوئے پریذائیڈنگ افسر سے ریٹرننگ افسر تک عارضی نتائج کو تیزی سے منتقل کرنے کے لیے رزلٹ کمپلیشن سسٹم بنادیا۔ ای سی پی نے اپنے الیکٹرانک نتائج مرتب کرنے کے نظام کے لیے ٹیسٹ بھی منعقد کیے.
ای سی پی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں ای سی پی کے ارکان، سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
کمیشن نے اپنے الیکٹرانک رزلٹ کمپلیشن سسٹم (آر سی آر) کا جائزہ لیا۔ چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سکندر سلطان راجہ کو دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ پریذائیڈنگ آفیسر سے ریٹرننگ آفیسر کے پاس موبائل ایپ سے فوری رزلٹ کی ترسیل ممکن ہوگی، ریٹرننگ آفیسر بھی فوری ووٹوں کے درست اعداد وشمار کے ساتھ غیرحتمی رزلٹ مرتب کرسکے گا۔
اس نظام نے اپنی فعالیت کو یقینی بنانے کے لیے ایک مکمل فرضی مشق کی گئی جس کے نتیجے میں الیکشن کمیشن نے اس سسٹم کی کارکردگی پر مکمل اطمینان کا ظہار کیا۔
اجلاس میں حلقہ بندیوں میں ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا گیا اور اس تناظر میں الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں اور محکمہ شماریات کو ضروری خطوط ارسال کر دیئے۔
متعلقہ اداروں کے ساتھ بات چیت ہوئی ہے اور انہیں یاد دہانی کرائی گئی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کو ضروری نقشے اور ڈیٹا فوری فراہم کریں۔ اس سے کمیشن کو حلقہ بندی کے عمل کو فوری طور پر شروع کرنے میں مدد ملے گی۔
اجلاس میں الیکشن کمیشن کے معزز ممبران، سیکرٹری الیکشن کمیشن اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔