پشاور: نگران حکومت خیبر پختونخوا نے بٹگرام چیئر لفٹ واقعے کے بعد تمام اضلاع کی انتظامیہ کو کمرشل اور رہائشی چیئر لفٹس کے معائنے کی ہدایت دیتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر رپورٹ طلب کرلی۔
نگران صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ تمام کمرشل،ڈومیسٹک،تفریحی مقامات، دریاوں اور ندی نالوں کے اوپر چلنے والی سفری چیئر لفٹس کی چیکنگ کی جائے۔
صوبائی حکومت کے مطابق تمام لفٹس کے ڈیزائن،گنجائش اور ان میں حفاظتی اقدامات کا معائنہ کیا جائے، اس کے علاوہ چیئر لفٹس چلانے کے لیے ضلعی انتظامیہ سے این او سی لینا لازمی ہوگا۔
ذرائع کے مطابق صوبے بھر کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو چیئر لفٹس کے معائنےکا حکم دیتے ہوئے رپورٹ ایک ہفتے کے اندر حکومت کو جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
یاد رہے گزشتہ روز خیبر پختونخوا کے شہر بٹگرام میں پاشتو کے مقام پر 13 گھنٹے تک 600 فٹ کی بلندی پر چیئر لفٹ میں پھنسے 7 طالبعلوں سمیت 8 افراد کو نکالنے کیلئے کئی گھنٹے سے جاری ریسکیو آپریشن مکمل کرکے تمام افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔