اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) رہنماءاور سابق وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہماری صوبائی حکومتوں کے وزراءنے ورکرز کو مایوس کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں لکھا ’اپنی صوبائی حکومتوں پر واضح کر دوں لوگوں نے ووٹ صرف وزیر بننے کیلئے نہیں دئیے۔ عمران خان کی گرفتاری کی کوشش ہو، 25 مئی کے واقعات ہوں یا شہباز گل اور سیاسی کارکنان کی گرفتاری اور ٹارچر، آ پ نے ورکروں کو مایوس کیا ہے۔ اسلام آباد کی 25 کلومیٹر پر حکومت کرنے والے بدمعاش بنے بیٹھے ہیں۔‘
اپنی صوبائی حکومتوں پر واضع کر دوں لوگوں نے ووٹ صرف وزیر بننے کیلئے نہیں دئیے عمران خان کی گرفتاری کی کوشش ہو، 25 مئ کے واقعات ہوں یا شہباز گل اور سیاسی کارکنان کی گرفتاری اور ٹارچر آپ نے ورکروں کو مایوس کیا ہے اسلام آباد کی 25 کلومیٹر پر حکومت کرنے والے بدمعاش بنے بیٹھے ہیں
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) August 23, 2022
قبل ازیں اپنے ایک بیان میں انہوں نے دعویٰ کیا کہ 10 ستمبر سے پہلے حکومت کا تختہ الٹ جائے گا اور اقتدار عوام کے پاس چلا جائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کے پہلے جلسے سے حکومت کی کانپیں ٹانگ گئی ہیں، لوگوں کو اسلام آباد آنے سے روکا جا رہا ہے، اگر (ن) لیگ نے کچھ کیا تو عوام کا بھرپور ردعمل آئے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کی آواز بند کرنے کیلئے میڈیا پر پابندی لگائی جارہی ہے اور موٹر ویز کو بند کیا جا رہا ہے تاکہ لوگ اسلام آباد نہ پہنچیں، ان کے ان اقدامات کا مقصد جلسوں کو روکنا ہے۔
سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ عمران خان کے جلسے سے خوفزدہ ہو کر دہشت گردی کا مقدمہ درج کیا گیا، جھوٹی ایف آئی آر کو ختم ہونا چاہئے، لیگی رہنماﺅں کے دھمکی آمیز بیانات پر کیوں کارروائی نہیں ہوئی۔