اسلام آباد: ایڈیشنل سیشن جج زیبا چوہدری کے خلاف توہین آمیز بیان پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) چیئرمین عمران خان کے خلاف توہین عدالت کیس میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے متفرق درخواست دائر کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان کے ویڈیو کلپس ریکارڈ پر لانا چاہتے ہیں، اس لئے عمران خان کے الیکٹرانک اور ڈیجیٹل میڈیا پر دئیے بیانات کی ویڈیوز بھی ریکارڈ پر لانے کی اجازت دی جائے۔
متفرق درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمران خان کے عدلیہ سے متعلق بیانات کو کمرہ عدالت میں چلانے کی اجازت دی جائے کیونکہ یہ بیانات عدالت کیلئے فیصلہ کرنے میں مددگار ثابت ہوں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوٹس بورڈ پر لارجر بینچ کی کاز لسٹ آویزاں کر دی ہے جس کے مطابق جسٹس محسن اختر کیانی کی زیر صدارت جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس بابر ستار پر مشتمل تین رکنی لارجر بینچ آج دوپہر کو کیس کی سماعت کرے گا۔
واضح رہے کہ عمران خان نے اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں شہباز گل کی رہائی کیلئے منعقدہ ریلی میں خطاب کرتے ہوئے اسلام آباد کی مقامی عدالت کی مجسٹریٹ زیبا چوہدری، آئی جی اسلام آباد اور ڈی آئی جی کو دھمکی دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم تمہارے خلاف کیس کریں گے۔
عمران خان کیخلاف توہین عدالت کیس میں ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد کی متفرق درخواست دائر
12:32 PM, 23 Aug, 2022