نئی دہلی: بھارتی دارالحکومت میں وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے خلاف کسانوں نے احتجاج کیا ۔
تفصیلات کے مطابق نئی دہلی میں پانچ ہزار سے زائد بھارتی کسانوں نے مودی حکومت کے خلاف مظاہرے کیے ۔ حکومت کی جانب سے زرعی قوانین سے متعلق وعدے پورے نہ کیے جانے کے خلاف احتجاج کے بعد شدید نعرے بازی کی اور سڑکوں پر رکھی رکاوٹیں توڑ دیں ۔
کسان تنظیم نے مطالبہ کیا کہ حکومت تمام زرعی پیداوار کے لیے امدادی قیمت کی ضمانت اور دیگر کسانوں کے تمام قرضے معاف کرے ۔
دوسری جانب ، انتہا پسند جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کے سابق 'ایم ایل اے' نے گائے ذبح کرنے پر پانچ مسلمانوں کو قتل کرنے کا اعتراف کرلیا ۔ وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بی جے پی رہنما 'گیان دیو آہوجا' اپنے حامیوں کو مبینہ طور پر گائے ذبح کرنے والے مسلمانوں کے قتل پر اُکسا رہا ہے اور کہہ رہا ہے کہ اس نے راجستھان میں پارٹی کارکنوں کو مسلمانوں کو قتل کرنے کے لیے کھلا ہاتھ دیا ہے ۔
ویڈیو میں اس نے مزید کہا کہ اگر کوئی کارکن پکڑا گیا تو انھیں ضمانت پر بری کروالیا جائے گا ۔