لندن: برطانیہ کے وزیراعظم بورس جانسن نے جی-7 کے سربراہان کا ورچوئل اجلاس بلایا ہے جس میں وہ طالبان پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے لیے رکن ممالک کو قائل کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے رائٹرز نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ برطانوی وزیراعظم بورس جانسن کل ہونے والے جی-7 کے ورچوئل اجلاس میں طالبان پر نئی پابندیوں پرغور کرنے کے لیے عالمی رہنماؤں کے سامنے اپنا منصوبہ بھی پیش کریں گے۔
جی-7 گروپ کی سربراہی اس وقت وزیراعظم برطانیہ بورس جانسن کے پاس ہے اور وہ کل گروپ کے ہونے والے ورچوئل اجلاس میں رکن ممالک امریکا، اٹلی، فرانس، جرمنی، جاپان اور کینیڈا کے سربراہان کو طالبان پر اقتصادی پابندیاں عائد کرنے کے لیے قائل کریں گے۔
گزشتہ روز بھی برطانوی وزیراعظم بورس جانسن نے کہا تھا کہ اگر طالبان انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتے ہیں اور افغان سرزمین کو عسکریت پسندوں کے لیے پناہ گاہ کے طور پر استعمال ہونے دیتے ہیں تو جی-7 کو اُن پر اقتصادی پابندیوں پر غور کرنا چاہیے۔
دوسری جانب صحافیوں سے گفتگو میں امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ اب تک طالبان نے کابل ہوائی اڈے جانے والے امریکی شہریوں پر حملے نہیں کیے، مجموعی طور پر طالبان معاہدے کی پاسداری کر رہے ہیں تاہم حالات تبدیل ہوئے تو طالبان کے خلاف پابندیوں کی حمایت کریں گے۔