کابل :طالبان نے آہستہ آہستہ حکومتی انتظامات کی دیکھ بھال اور معاشی حالات کو کنٹرول کرنے کیلئے فوری طور پر مرکزی بینک کیلئے گورنر تعینات کر دیا ۔
افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق ملک کے معاشی اور سرکاری اداروں کی دیکھ بھال کیلئے طالبان نے حاجی محمد ادریس کو قائم مقام گورنر تعینات کر دیا ہے ،حاجی محمد ادریس سرکاری اداروں اور بینکنگ کے معاملات کو دیکھیں گے۔
طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کہا گیا کہ حاجی محمد ادریس کو حکومتی اداروں کے امور منظم کرنے اور ملک کے بینکنگ نظام سے عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کے لیے ذمہ داری دی گئی ہے۔
واضح رہے اس سے قبل طالبان ترجمان نے کہا تھا کہ حکومتی سیٹ اپ کا امریکی فوج کے انخلا تک اعلان نہیں کرینگے ،امریکی صدر بائیڈن کی طرف سے بھی یہ کہا جا رہا ہے کہ غیر ملکیوں کے مکمل انخلا تک افغانستان نہیں چھوڑیں گے ،ہو سکتا ہے 31 اگست کے بعد امریکی اور غیر ملکی افواج کو افغانستان میں رکھنا پڑیگا ۔