وزیر تعلیم نے یکساں نصاب تعلیم پر سندھ کےتحفظات کو مسترد کر دیا

09:32 PM, 23 Aug, 2021

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے سندھ حکومت کے تحفظات کو سیاست قرار دے دیا ہے۔

یکساں قومی نصاب کے معاملہ پر وفاقی وزیرتعلیم  شفقت محمود نے سندھ حکومت کے تحفظات کو مسترد کر دیا ہے۔ وفاقی وزیرنے سندھ حکومت کو سندھی میں نصاب پڑھانے کی بھی پیشکش کی۔

سندھ حکومت کے یکساں تعلیمی نصاب پر تحفظات کے ردعمل میں وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ سندھ کی جانب سے نصاب کے معاملے پر سیاست چل رہی ہے۔ سندھ کی جانب سے نصاب کو مسترد کرنے کی وجوہات سیاسی ہیں۔ سندھ حکومت پر شاید نجی اسکولوں کا دباؤ ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ یکساں تعلیمی نصاب کے معاملے پر سندھ حکومت سے تفصیلی بات چیت کی تھی اور سندھ حکومت کو دو تین نقاط کے علاوہ کوئی اعتراض نہیں تھا۔ یکساں تعلیمی نصاب کے معاملے پر سندھ کے ماہرین مشاورت میں ساتھ رہے۔

شفقت محمود نے کہا سندھ حکومت کے فیصلے سے نقصان صوبے کے بچوں کا ہو گا اور ایلیٹ کلاس کے بچے تو یہاں پڑھتے ہی نہیں وہ بچوں کو باہر بھیج دیتے ہیں۔ سندھ اگر سندھی میں نصاب پڑھانا چاہے تو ہمیں اعتراض نہیں۔

مزیدخبریں