ابوظہبی: دبئی میں منی لانڈرنگ کے جرائم کے کیسز کی سماعت کے لیے خصوصی عدالت قائم کردی گئی ۔
دبئی کے میڈیا سینٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عدالت متحدہ عرب امارات کے نائب صدر ، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے جاری کردہ ہدایت کے ذریعے قائم کی گئی ہے جس کا مقصد ریاست میں مالیاتی نظام کو مزید شفاف بنانا ہے۔
امارات الیوم کے مطابق میڈیا سینٹر نے کہا کہ خصوصی عدالت کے قیام کا مقصد دبئی اور امارات میں عدالتی نظام کو موثر بنانا ہے اس کی بدولت ریاست میں انصاف کی بنیادیں مضوبط ہوں گی جبکہ خصوصی عدالت کے قائم ہونے سے کارروائی تیزی سے انجام دی جائے گی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ خصوصی عدالت کے قیام سے منی لانڈرنگ سمیت وائٹ کالر کرائم کا انسداد ہوگا، انصاف اور خود مختاری اور شفافیت پر مبنی اقدار مضبوط ہوں گی۔دبئی کورٹس کے ڈائریکٹر جنرل ایچ ای ترش المنصوری نے خصوصی عدالت کے قیام سے متعلق کہا کہ کورٹ آف فرسٹ انسٹنس اور کورٹ آف اپیل میں منی لانڈرنگ کے لیے عدالت کا قیام دبئی کورٹس کی عدالتی کارکردگی کو بہتر بنانے اور انتظامیہ کی جانب سے انصاف کی بہترین کارکردگی کو فروغ دینے کے عزم کا حصہ ہے۔
المنصوری نے کہا کہ یہ اقدام ہمارے اسٹیک ہولڈرز کو قومی حکمت عملی اور نیشنل ایکشن پلان کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے اور ایک بااختیار اور پائیدار نظام کے ذریعے اپنے اہداف کے حصول میں اپنی کارکردگی بڑھانے کے قابل بنائے گا۔