لاہور پولیس نے 10 سال سے بس چلانے والے معذور ڈرائیور کو پکڑ لیا

07:00 PM, 23 Aug, 2021

لاہور: بس مالکان کی مجرمانہ غفلت سامنے آ گئی۔ ٹانگ سے معذور شخص کو بس ڈرائیور بنا دیا۔

روای روڈ کے علاقے میں بس مالکان کی مجرمانہ غفلت سامنے آئی ہے، ٹریفک پولیس نے ٹانگ سے معذور بس ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ ڈی ایس پی شاہدرہ سرکل ٹریفک مبشر کے مطابق اللہ دتہ نامی ڈرائیور لاہور سے شکر گڑھ روٹ پر دس سال سے ڈرائیورنگ کر رہا تھا۔

اوور لوڈنگ اور اوور سپیڈنگ پر بس کو روکا گیا تو حقیقت عیاں ہوئی ۔ بس ڈرائیور، بس کے مالک اور اڈا منیجر کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

راوی روڈ سیکٹر کے ٹریفک انچارج مظفر علی نے ایف آئی آر میں بیان لکھوایا کہ اللہ دتہ کے پاس گاڑی کے کاغذ اور لائسنس نہیں تھا۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ وہ معذوری کے باوجود بس کیسے چلا رہے ہیں تو اللہ دتہ نے جواب دیا کہ بس کے مالک امجد پڈانا نے انہیں بس چلانے کے لیے دی اور کہا کہ اگر آپ کو کوئی روکے تو میں خود دیکھ لوں گا۔

سٹی ٹریفک آفس لاہور کے ترجمان عارف رانا نے بتایا کہ یہ بس شکر گڑھ سے لاہور کے درمیان چلتی تھی۔

گذشتہ ہفتے شکر گڑھ روٹ کی بس نے وارڈن توصیف کو بھی کچلا تھا جس کے نتیجے میں توصیف شہید ہو گیا تھا۔ ڈی آئی جی ٹریفک عمران محمود کا کہنا تھا کہ ایسے ڈرائیورز کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

مزیدخبریں