نئی دہلی: بھارتی سرزمین پر ایک اور مسلمان جنونی ہندوؤں کے تشدد کا شکار ہوگیا ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق واقعہ ریاست مدھیہ پردیش کے صنعتی شہر اندور کے بال گنگا تھانے کی حدود میں پیش آیا، جہاں چوڑی فروخت کرنے والے اقلیتی نوجوان کو جنونی ہندوؤں نے نام پوچھنے کے بعد اس کا سامان سڑک پر پھینکا اور بدترین تشدد کا نشانہ بناڈالا۔
سوشل میڈیا پر افسوسناک واقعے کی ویڈٰیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے، فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جنونی ہندوؤں کا ایک جھتہ نام پوچھنے کے بعد تسلیم نامی شخص پر انسانیت سوز سلوک کررہے ہیں۔
واقعے کے بعد مسلمانوں میں شدید غم وغصہ پھیل گیا اور انہوں نے مقامی تھانے کا گھیراؤ کرتے ہوئے تشدد کرنے والے جھتے کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
تھانے میں بھی مسلم دشمنی کا عنصر نمایاں رہا، پولیس نے کیس رجسٹر کرنے میں حیل وحجت سے کام لیا، مقامی پولیس سپرنٹنڈنٹ آشوتوش باگری نے میڈیا کو بتایا کہ ایک اقلیت پر تشدد سے متعلق ایک ویڈیو وائرل ہوئی، مگر اس کی شکایت کرنے والا کوئی تھانے نہیں پہنچا تھا، جیسے ہی تھانے میں شکایت موصول ہوئی ہے ہم نے کارروائی شروع کردی ہے، واقعے میں ملوث کسی ملزم کو بخشا نہیں جائے گا۔