لاہور : پاکستان کے معروف کرکٹر وسیم حسن راجہ کی آج 16 ویں برسی ہے۔ وسیم حسن راجہ لندن میں ایک کلب میچ میں دورانِ فیلڈنگ دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے تھے۔
کرکٹر وسیم حسن راجہ 3 جولائی 1952 کو ملتان میں پیدا ہوئے تھے ۔ وہ سابق ٹیسٹ کرکٹر رمیز راجہ کے بڑے بھائی تھے ۔ وسیم حسن راجہ گراؤنڈ میں اپنے چوکوں چھکوں کی وجہ سے کافی مشہور تھے ان کی آل راؤنڈپرفارمنس سے کئی بار ٹیم کو میچ میں فتح حاصل ہوئی ۔
وسیم راجہ نے 1973ء میں نیوزی لینڈ کے خلاف میچ سے اپنے ٹیسٹ کیریئر کا آغاز کیا اور مجموعی طور 57 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ انھوں نے مجموعی طور پر2821 رنز اسکور کیے جن میں 4 سنچریاں اور 18 نصف سنچریاں شامل تھیں۔ اس کے علاوہ 35.80 کی اوسط سے 51 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا اور 54 ایک روزہ بین الاقوامی میچ کھیلے۔ انھوں نے مجموعی طور پر 728 رنز اسکور کیے۔
وسیم راجہ دائیں ہاتھ سے گیند کرنے والے لیگ سپن بالر تھے۔ وہ گگلی بھی پھینکتے تھے اور بائیں ہاتھ سے جارحانہ بیٹنگ کرنے والے مڈل آڈر بلے باز تھے۔
انھوں نے پاکستان کی طرف سے آخری ٹیسٹ میچ نیوزی لینڈ کے خلاف 1985ء میں کھیلا تھا۔
23 اگست 2006ء کو میچ کے دوران انھوں نے اپنے ساتھی فیلڈروں کو بتایا کہ انھیں چکر آ رہے ہیں جس کے بعد انھیں میدان سے باہر لے جایا جارہا تھا کہ باؤنڈری لائن پر ان کی روح قفسِ عنصری سے پرواز کرگئی۔