وزیراعظم کے زیر صدارت یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس  

02:35 PM, 23 Aug, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر شفقت محمود، معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل، پارلیمانی سیکریٹری محترمہ وجیہہ اکرم اور وفاقی وزارت تعلیم کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر شفقت محمود نے اجلاس کو نصاب تعلیم میں شامل سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اس ضمن میں تمام مکاتب فکر خصوصاً علمائے کرام سے تفصیلی مشاورت کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اساتذہ کی ٹریننگ اور امتحانات کے معیار پر توجہ دی گئی ہے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سیرت النبی ﷺ ہی ہماری نئی نسل کے لئے مشعل راہ ہے۔ نبی آخر الزماں ﷺ کی سیرت کا سب سے اہم پہلو اخلاق و آداب اور حسن معاشرت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ تمام معاشرتی مسائل کا بہترین حل سیرت النبی ﷺ کی تعلیمات میں موجود ہے۔ تاریخ اسلام کے ساتھ ساتھ رسول اللہ ﷺ کی حیات مبارکہ سے ماخذ سنہرے اصول بچوں کو پڑھائے اور سمجھائے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ قومی یکساں نصاب تعلیم پر عملدرآمد کے عمل کو صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے جلد مکمل کیا جائے۔

مزیدخبریں