اسلام آباد: وفاقی حکومت نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) کیساتھ تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کے ناموں پر مشتمل ایک فہرست افغان طالبان کے حوالے کر دی ہے۔
طالبان رہنماءہیب اللہ اخونزادہ نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کی جانب سے پاکستان میں دہشت گردی کیلئے افغان سرزمین کے استعمال سے متعلق حکومت پاکستان کی شکایات کے ازالے کیلئے تین رکنی کمیشن تشکیل دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طالبان کی جانب سے افغانستان پر قبضے کے بعد حکومت پاکستان کی جانب سے یہ فہرست فراہم کی گئی ہے، طالبان افغانستان میں حکومت سازی کرنے میں مصروف ہیں اور ایسے میں پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی ) اور اس کے حوالے کے خلاف ایکشن لینے کیلئے افغان طالبان کیساتھ بات چیت شروع کر دی ہے۔
دوسری جانب افغان طالبان نے پاکستان کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حوالے سے شکایات کے ازالے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیشن تشکیل دیتے ہوئے ٹی ٹی پی کے طالبان کو افغانستان سے نکل جانے کا حکم بھی دیا ہے۔
امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکہ (وی او اے) نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے والے عسکریت پسندوں کو تشدد سے روکنے کیلئے اعلیٰ اختیاراتی تین رکنی کمیشن طالبان رہنماءملا ہیبت اللہ اخونزادہ کی ہدایت پر بنایا۔
رپورٹ کے مطابق کمیشن نے پاکستانی طالبان کو خبردار کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے معاملات حل کریں اور پاکستانی حکومت کی جانب سے عام معافی کے عوض اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان چلے جائیں تاہم وائس آف امریکہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے حکام نے اس معاملے پر بات کرنے سے انکار کر دیا۔
یاد رہے کہ تحریک طالبان پاکستان کالعدم جماعت ہے اور پاکستان کا موقف ہے کہ ٹی ٹی پی نے ملک میں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا تاہم سابق افغان صدر اشرف غنی کی حکومت مسلسل ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔
جمعہ کو پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا تھا کہ پاکستان، کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کا معاملہ افغان طالبان کے سامنے اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔
پاکستان نے کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کے انتہائی مطلوب دہشت گردوں کی فہرست افغان طالبان کو دیدی
12:58 PM, 23 Aug, 2021