اسلام آباد: وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارتی میڈیا نے بغیر تصدیق کئے میرے کابل جانے کے معاملے پر واویلا مچایا اور غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی، حالانکہ میں کابل نہیں گیا، بھارت کو افغانستان سے متعلق اپنی محدود سوچ کا خاتمہ کرنا ہو گا۔
وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بھارتی میڈیا کے کابل جانے سے متعلق ’پراپیگنڈہ‘ پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں کابل نہیں گیا بلکہ پاکستان میں ہی ہوں اور یہاں اہم میٹنگز میں شریک ہوا۔ بھارتی میڈیا نے بغیر تصدیق کئے میرے کابل جانے کا واویلا مچایا اور غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی، بھارتی میڈیا کو تصدیق کے بغیر کوئی بات نہیں کرنی چاہئے۔
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز یورپی یونین کے خارجہ امور کے سربراہ سے گفتگو کے دوران انہیں کابل میں پاکستان کے تعاون سے آگاہ کیا اور اس سلسلے میں چین سے بھی بات ہو چکی ہے جبکہ ایران، ازبکستان، تاجکستان، ترکمانستان کا دورہ بھی کروں گا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان کثیر نسلی ملک ہے جہاں پشتون اور دیگر لوگ بھی آباد ہیں اور ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان میں اجتماعیت کی حامل وسیع بنیاد پر مشتمل حکومت بنے، اگرچہ افغانستان میں امن مخالف قوتیں ’سپائلرز‘ آج بھی متحرک ہیں مگر مذکورہ قوتیں اپنی کوششوں میں ناکام ہوں گی۔
وفاقی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سمیت خطے کے تمام ہمسایہ ممالک افغانستان میں قیام امن کے خواہاں ہیں، اس لئے ہندوستان کو اپنی محدود سوچ کو ختم کرنا ہو گا، پاکستان کو بھارت کے افغانستان کیساتھ اچھے تعلقات پر کوئی اعتراض نہیں جبکہ عالمی برادری کو بھی افغانستان کیساتھ تعلقات بحال رکھنے چاہئیں۔