ضرورت پڑی تو انخلا کی ڈیڈ لائن میں توسیع بھی کر سکتے ہیں، امریکی صدر  

If necessary, the evacuation deadline can be extended, the US President
کیپشن: فائل فوٹو

واشنگٹن: امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا ہے کہ وہ افغانستان سے 31 اگست کی مقررہ ڈیڈ لائن تک انخلا کے منصوبے کو حتمی شکل دے رہے ہیں لیکن اگر ضرورت پڑی تو انخلا کی ڈیڈ لائن میں توسیع بھی کر سکتے ہیں۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے وائٹ ہائوس سے ٹیلی ویژن پر اپنے خطاب میں کہا کہ انہیں امید ہے کہ افغانستان سے انخلا کی ڈیڈ لائن میں توسیع نہیں کریں گے لیکن اگر غیر ملکی رہنمائوں کی طرف سے ڈیڈ لائن میں توسیع کی درخواست کی گئی تو اس کے لیے ہم دیکھیں گے کہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے کہا کہ افغانستان سے امریکیوں اور افغان اتحادیوں کا انخلا مشکل ہے اور انہوں نے اس انخلا کے حوالے سے پروگرام میں بعض تبدیلیاں کی ہیں جن کا مقصد انخلا کے دوران لوگوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہر امریکی شہری کی واپسی ہمارا مشن ہے، ہماری پہلی ترجیح امریکیوں کو کابل سے جلد سے جلد نکالنا ہے۔

جوبائیڈن نے کہا کہ افغانستان سے انخلا کے لیے بہت کچھ کرنا باقی ہے۔ انخلا کے لیے مدد کرنے والے دنیا کے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ 31 اگست کے بعد رکنے کے لیے بات چیت جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ تاہم امید ہے کہ 31 اگست کے بعد افغانستان میں رکنے کی ضروت نہیں پڑے گی۔ کابل ایئرپورٹ سے انخلا کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔ افغانستان سے انخلا درست فیصلہ تھا۔ قبضے کے بعد ابھی تک طالبان نے امریکی فوجیوں پر حملہ نہیں کیا۔