اسلام آباد: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین احسان مانی اور رمیز راجہ آج وزیراعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کریں گے جس دوران نئے چیئرمین سے متعلق بات چیت ہو گی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان عمران خان ملاقات کے دوران احسان مانی کو اگلی مدت کیلئے توسیع نہ دینے سے متعلق آگاہ کریں گے جبکہ قومی ٹیم کے سابق کپتان رمیز راجہ سے بھی ملاقات ہوگی جس میں انہیں نیا چیئرمین پی سی بی تعینات کرنے سے متعلق بتایا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور موجودہ کمنٹیٹر رمیز راجہ کیساتھ ملاقات میں انہیں اگلے تین سال کیلئے پی سی بی کے معاملات سونپنے سے متعلق بتائیں گے اور کرکٹ کی بہتری سمیت دیگر امور پر بھی گفتگو کی جائے گی۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) احسان مانی کو مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کر چکے ہیں جن کی مدت 24 اگست کو ختم ہورہی ہے اور وہ وزیراعظم کی توقعات کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کسی کرکٹر کوچیئرمین پی سی بی بنانے کے خواہشمند ہیں اور ان کے پرانے ساتھی رمیز راجہ چیئرمین شپ کیلئے مضبوط امیدوار ہیں کیونکہ وہ سمجھتے ہیں کہ کرکٹ سے متعلق ان کا ویژن کوئی تجربہ کار کھلاڑی ہی پایہ تکمیل تک پہنچا سکتا ہے۔
پی سی بی چیئرمین احسان مانی اور رمیز راجہ کی آج وزیراعظم سے ملاقات ہو گی
11:46 AM, 23 Aug, 2021