طالبان نے کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے متعلق شکایات کے ازالے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیشن بنا دیا

11:24 AM, 23 Aug, 2021

لاہور: افغان طالبان نے پاکستان کی جانب سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے حوالے سے شکایات کے ازالے کیلئے اعلیٰ سطحی کمیشن تشکیل دیدیا ہے اور ٹی ٹی پی کے طالبان کو افغانستان سے نکل جانے کا حکم دیا ہے۔ 
امریکی نشریاتی ادارے وائس آف امریکہ (وی او اے) نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ افغان طالبان نے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے والے عسکریت پسندوں کو تشدد سے روکنے کیلئے اعلیٰ اختیاراتی تین رکنی کمیشن طالبان رہنماءملا ہیبت اللہ اخونزادہ کی ہدایت پر بنایا ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق کمیشن نے پاکستانی طالبان کو خبردار کیا ہے کہ وہ پاکستان کے ساتھ اپنے معاملات حل کریں اور پاکستانی حکومت کی جانب سے عام معافی کے عوض اپنے اہل خانہ کے ہمراہ پاکستان چلے جائیں تاہم وائس آف امریکہ کے مطابق پاکستان اور افغانستان کے حکام نے اس معاملے پر بات کرنے سے انکار کیا ہے۔
یاد رہے کہ تحریک طالبان پاکستان کالعدم جماعت ہے اور پاکستان کا موقف ہے کہ ٹی ٹی پی نے ملک میں سیکیورٹی فورسز اور عام شہریوں کو نشانہ بنایا تاہم سابق افغان صدر اشرف غنی کی حکومت مسلسل ان الزامات کی تردید کرتی رہی ہے۔
جمعہ کو پاکستانی وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا تھا کہ پاکستان، کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) کا معاملہ افغان طالبان کے سامنے اٹھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ 

مزیدخبریں