لاہور: پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے افغانستان اتھارٹیز کی جانب سے مقامی لوگوں کا انخلا روکنے کے نئے احکامات سامنے آنے کی وجہ سے آج کا کابل فلائٹ آپریشن منسوخ کر دیا ہے۔
پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ ایچ خان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ کابل فلائٹ آپریشن کے تحت آج کابل کیلئے شیڈول تینوں پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔
ایوی ایشن ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حکام کی جانب سے مقامی لوگوں کو کابل سے انخلاءکی اجازت نہیں دی جا رہی جس کے باعث پہلے سے تیار فہرستوں کے مطابق مسافروں کی بورڈنگ میں دشواری کا خدشہ ہے۔
ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے صرف آج کے دن کیلئے کابل کی تمام پروازیں منسوخ کی ہیں جبکہ کل کی پروازوں سے متعلق کسی بھی طرح کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ پی آئی اے کی جانب سے گزشتہ روز کئے گئے اعلان کے مطابق آج پی آئی اے فلائٹ آپریشن کیلئے آج 3 پروازیں کابل جانا تھیں، اس آپریشن کیلئے دو بوئنگ طیارے اور ایک ایئر بس تیار تھی۔