انتقامی کارروائیاں نہ کرنے سے طالبان کی ساکھ بہتر ہوگی، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی  

10:01 AM, 23 Aug, 2021

اسلام آباد: وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اگر افغان طالبان اپنے دشمنوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں نہیں کر رہے تو اس سے دنیا بھر میں ان کی ساکھ بہتر ہوگی۔

وزیر خارجہ نے یہ بات ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم کابل میں مشکل صورتحال کے باوجود انسانی ہمدردی کے تحت کام کر رہے ہیں۔ پاکستان نے غیر ملکیوں کو ویزے جاری کرکے انھیں افغانستان سے نکالا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ کابل ایئرپورٹ پر ہزاروں لوگ پہنچیں گے تو دباؤ آئے گا۔ کابل میں لینڈنگ اور ٹیک آف کی اجازت ہمارے کنٹرول میں نہیں ہے۔ لوگوں کا انخلا کرنا ہے تو کابل ایئرپورٹ انتظامیہ کا تعاون چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ کوشش ہے کہ عالمی طور پر افغانستان کیلئے آسانیاں پیدا ہو جائیں۔ پاکستان کے تعاون پر ہر ایک ملک نے شکریہ ادا کیا لیکن کوئی ہمارے کام کا اعتراف کرے یا ن کرے ہمارا ضمیر مطمئن ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز الجزیرہ ٹی وی کے ساتھ ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ نے افغانستان کی صورتحال کے حوالے سے پاکستان پر نقطہ چینی کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان امن عمل میں شراکت دار بننا چاہتا ہے اور موجودہ صورتحال میں سب سے زیادہ قابل اعتماد سہولت کار ثابت ہو سکتا ہے۔

وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کابل سے غیر ملکیوں کے انخلا میں تعمیری اور مثبت کردار ادا کر رہا ہے اور کابل میں اس کا سفارتخانہ لوگوں کی سہولت کیلئے چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان ایک پر امن ،مستحکم اور خوشحال افغانستان کا خواہاں ہے جو علاقائی روابط کے فروغ کیلئے ناگزیر ہے۔ پاکستان افغانستان میں ایک ایسی جامع حکومت کے قیام کا بھی خواہشمند ہے جو انسانی حقوق کا احترام کرے اور افغان قیادت کے ابتدائی بیانات سے اسی طرح کی ایک نئی سوچ کا اشارہ ملتا ہے۔

دریں اثنا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کے عوام کی معاشی امداد اور ملک کی تعمیر نو کیلئے آگے آئے۔ انہوں نے یہ بات ہالینڈ کے وزیر خارجہ SIGRID KAAG سے ٹیلی فون پر افغانستان کی تازہ صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغانستان میں تحفظ سلامتی اور استحکام انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اور ایک جامع سیاسی تصفیہ ہی آگے بڑھنے کا بہترین راستہ ہے۔ افغانستان کی بدلتی صورتحال کے حوالے سے پاکستان علاقائی اور عالمی شراکت داروں سے رابطے میں ہے۔

وزیر خارجہ نے اپنے ہالینڈ کے ہم منصب کو افغانستان سے سفارتی اور عالمی اداروں کے عملے سمیت ہالینڈ کے شہریوں کے انخلاء کیلئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا ۔ہالینڈ کے وزیرخارجہ نے انخلاء کی کوششوں میں مدد اور سہولت کی فراہمی پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔

مزیدخبریں