یو ایس اوپن میں جوکووچ کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوں، الیگزینڈر زویروو  

08:44 AM, 23 Aug, 2021

یو ایس اوپن میں جوکووچ کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہوں، الیگزینڈر زویروو   

نیویارک: جرمن ٹینس سٹار الیگزینڈر زویروو نے کہا ہے کہ نوواک جوکووچ یو ایس اوپن کا ٹائٹل جیتنے کیلئے فیورٹ کھلاڑی ہیں تاہم میں نے ان کا مقابلہ کرنے کی مکمل تیاری کی ہے۔

خیال رہے کہ الیگزینڈر زویروو نے ٹوکیو اولمپکس میں سونے کا تمغہ حاصل کیا تھا لیکن اس کے باوجود ٹینس کے کھیل میں ان کی چوتھی پوزیشن ہے۔ انہوں نے اس سے قبل سنسیناٹی اوپن میں اپنے مدمقابل روسی کھلاڑی آندرے روبیلوف کو صرف آدھے گھنٹے میں چھ دو اور چھ تین سے شکست دے کر سب پر اپنے کھیل کی دھاک بٹھا دی تھی۔

الیگزینڈر زویروو گزشتہ سال اپنے کیریئر کا پہلا گرینڈ سلیم ٹائٹل حاصل کرنے میں ناکام رہے تھے۔ انھیں ڈومینک تھیم نے شکست سے دوچار کیا تھا۔ تاہم جرمن ٹینس سٹار نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ اس بار مکمل تیاری کیساتھ میدان میں اتریں گے۔ اپنے مداحوں کو میں ایک نیا کھلاڑی نظر آؤں گا۔

جرمن ٹینس سٹار الیگزینڈر زویروو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میں نے گزشتہ سال فتح کے بالکل قریب پہنچ کر اسے کھو دیا لیکن اس مرتبہ ایسا نہیں ہوگا۔ میں شائقین کو اپنا بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ میں اپنی کوتاہیوں کو اچی طرح جان چکا ہوں۔ مجھے علم ہے کہ میں کس طرح کا کھیل پیش کر سکتا ہوں۔ میں امید کرتا ہوں کہ میں یو ایس اوپن کو ماضی کے مقابلے میں اچھا کھیلوں گا۔

دوسری جانب تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ راجر فیڈرر اور رافیل نیڈال کی غیر موجودگی میں نئے نوجوان کھلاڑیوں کیلئے اچھا موقع ہے کہ وہ اپنی بہترین کارکردگی دکھا کر یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کر سکیں۔

مزیدخبریں