لاہور: ملک بھر میں عالمی وبا کورونا کے وار جاری ہیں۔ عوام کی بے احتیاطی کی وجہ سے یہ مرض مزید پھیلتا جا رہا ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں وائرس میں مبتلا 80 مریض انتقال کر گئے ہیں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ صورتحال بگڑنے کی صورت میں عوام کو پابندیوں کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اموات میں حالیہ اضافے سے کورونا سے مرنے والوں کی مجموعی تعداد 25 ہزار 3 ہو گئی ہے۔ گزشتہ روز ملک بھر میں 53 ہزار 881 افراد کے کورونا ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 3 ہزار 772 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔
این سی او سی کے مطابق ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 7 فیصد رہی۔ اس وقت کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 11 لاکھ 27 ہزار 584سے تجاوز کر چکی ہے۔
دوسری جانب کراچی میں کورونا نے ایک اور ڈاکٹر کی جان لے لی ہے۔ فلائٹ لیفٹیننٹ ڈاکٹر ماہ نور سی ایم ایچ ملیر میں زیر علاج اور 8 ماہ کی حاملہ بھی تھیں۔ صوبہ سندھ میں اب تک 77 ڈاکٹرز کورونا کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔