لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے صاحبزادے جنید صفدر کے نکاح کی تصاویر سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر شیئر کر دی ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز لندن میں جنید صفدر اور عائشہ سیف کا نکاح ہوا تھا۔ اس تقریب میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف، اسحاق ڈار اور قریبی عزیز واقارب نے شرکت کی تھی تاہم مریم نواز بذریعہ ویڈیو لنک اس میں شریک ہوئیں۔
مریم نواز نے ان تصاویر کیساتھ جوڑے کو دعا دیتے ہوئے لکھا ہے کہ' اللہ ہمیشہ خوش اور آباد رکھے'۔
خیال رہے کہ لندن کے علاقے ہائیڈ پارک کارنر پر واقع لینز برو ہوٹل میں مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر کے نکاح کی تقریب منعقد ہوئی۔ اس دوران چند افراد نے ہوٹل کے باہر مظاہرہ کیا تاہم لیگی کارکنوں کی آمد پر وہ ہوٹل کے باہر سے چلے گئے۔
تقریب سے قبل ہوٹل کے باہر شادی کی تقریب کو پنجابی ٹچ دیا گیا اور ڈھول کی تھاپ پر بھنگڑے ڈالے گئے۔
ادھر بیٹے کے نکاح کی خوشی میں مریم نواز نے جاتی امرا میں بھی تقریب کا انعقاد کیا تھا جس میں میاں شہباز شریف کو بھی مدعو کیا گیا تھا۔