کنگسٹن: کنگسٹن میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز پاکستانی ٹیم نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 302 رنز بنائے اور اننگز ڈکلیئر کردی۔
یاد رہے کہ ٹیسٹ میچ کے پہلے روز ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بلے باز فواد عالم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناصرف اپنی ٹیم کو سنبھالا بلکہ سنچری بھی سکور کی، وہ 124 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انہوں نے اس میچ میں اپنے کیریئر کی پانچویں سنچری بنائی۔
تیسرے دن کھیل کے اختتام تک پاکستانی گیند بازوں نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویسٹ انڈیز کے تین کھلاڑیوں کو انتالیس رنز پرپویلین کی راہ دکھائی۔
ویسٹ انڈیز کے کپتان کریگ بریتھ ویٹ چار، کائیرن پوویل پانچ اور روسٹن چیس دس رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے دو اور فہیم اشرف نےایک وکٹ حاصل کی۔
خیال رہے کہ میچ کے دوسرے دن بارش کی وجہ سے ایک گیند بھی نہیں کروائی جا سکی تھی جبکہ تیسرے دن کا کھیل بھی بارش کی وجہ سے تاخیر سے شروع ہوا تھا۔