اسلام آباد: چین میں تیار کیے جانے وا لا جدید 054 فریگیٹ جہاز پاک بحریہ کے بیڑے میں شامل کر لیا گیا ۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ہڈونگ ژونگوا شپ یارڈ چائنہ میں 054 فریگیٹ جہاز کی لانچنگ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں مہمان خصوصی کموڈور اظفر ہمایوں سمیت چائنہ شپ بلڈنگ ٹریڈنگ کمپنی کے چیئرمین اور دیگر عہدیداران سمیت پاک بحریہ کے حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر مہمان خصوصی کموڈور اظفر ہمایوں نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ آف دی آرٹ فریگیٹ جہاز کی تیاری پاک چین دفاعی تعاون کا نیا اور درخشاں باب ہے، عالمی سطح پر درپیش وبائی صورتحال کے باوجود پراجیکٹ کی بر وقت تکمیل شپ یارڈ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ جہاز ہر قسم کے جدید ٹیکنالوجی، جنگی آلات، اسلحے اور سینسرز سے لیس ہوگا جبکہ پاک بحریہ کے بیڑے میں اس جہاز کی شمولیت سے خطے میں امن و استحکام برقرار رکھنے کی کاوشوں میں مزید بہتری آئے گی۔