مقبوضہ کشمیر: عوام تمام تر رکاوٹوں کو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے

10:56 PM, 23 Aug, 2019

سری نگر: مقبوضہ کشمیر کے عوام بھارت کے ریاستی جبر ،کرفیو اور تمام تر رکاوٹوں کو توڑ کر سڑکوں پر نکل آئے۔ 

تفصیلات کے مطابق ، سری نگر میں مظاہرین اور بھارتی فوج کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئیں، انڈین آرم فورسز  نے طاقت کے اندھے استعمال سے متعدد مظاہرین کو زخمی کر دیا۔

 

وادی کے اہم ترین شہر سری نگر میں اقوام متحدہ کے دفتر کے سامنے احتجاج کو روکنے کے لیے خوف زدہ بھارتی فوج نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کر دیں۔اقوامِ متحدہ کے فوجی مبصرین کے دفتر کی طرف جانے والے راستے بھی بند کر دیے۔

 

حریت کانفرنس کی طرف سے احتجاج کی کال نے بھارتیوں کی نیندیں حرام کر دیں، سری نگر کے علاقہ سوارہ میں بھارتی فوج اور مظاہرین کے درمیان پرتشدد جھڑپ ہوئی جس میں شیل فائرکئے جانے کے باعچ متعدد مظاہرین زخمی ہو گئے۔

 

برطانوی نشریاتی ادارے  کے مطابق سری نگر کی مرکزی جامع مسجد درگاہ حضرت بل میں نماز جمعہ کے کسی بڑے اجتماع کی اجازت نہیں دی گئی، لاؤڈ سپیکر کے استعمال کی اجازت بھی نہیں تھی۔

برطانوی اخبار گارڈین کے مطابق ایک فوجی چیک پوسٹ پر بیمار معمر خاتون اسپتال جانے کی اجازت مانگتی رہی، مگر بے حس بھارتی فوجیوں نے اسے اجازت نہ دی۔

 

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شدت پسند ہندووں کی جانب سے کشمیری خواتین سے متعلق نازیبہ بیانات کے بعد کشمیریوں نے اپنی ماوں، بہنوں اور بیٹیوں کے تحفظ کے لیے محلے کی سطح پر کمیٹیاں بنا دیں ہیں۔

 

یاد رہے کہ کرفیو کےباعث مقبوضہ وادی میں مسلسل انیسویں روز بھی مواصلاتی نظام بدستور معطل ہے ۔ مظلوم عوام کو خوراک اور ادویات کی قلت کا بھی سامنا ہے۔

 

مزیدخبریں