وزیراعظم کا  جرمن چانسلر اینگلا مرکل سے ٹیلی فونک  رابطہ، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے آگاہ کیا

07:12 PM, 23 Aug, 2019

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا  جرمن چانسلر اینگلا مرکل سے ٹیلی فونک  رابطہ، بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں سے آگاہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ، وزیراعظم عمران خان نے  جرمن چانسلر اینگلا مرکل سے ٹیلیفونک گفتگو میں کہا  کہ بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ اقدامات سے خطے میں امن و سلامتی کو شدید خطرات  لاحق ہیں۔

وزیراعظم نے بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر  جعلی آپریشنز کرنے کی اطلاعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کو کشمیر میں قتل عام سے  ہر قیمت پر روکنا ہوگا۔ بھارتی اقدامات سے کشمیر میں بڑے پیمانے پر انسانی  جانیں ضائع ہو سکتیں ہیں ۔

انہوں نے جرمن چانسلر اینگلا مرکل کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل کرفیو کے باعث خوراک اور ادویات کی قلت پیدا ہو چکی ہے۔ بھارت  نے مواصلات کے تمام ذرائع بند کر رکھے ہیں۔

وزیراعظم اور جرمن چانسلر نے خطے میں امن واستحکام کیلئے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر  اینگلا مرکل نے کہا  کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کا باریک بینی سے جائزہ لے رہے ہیں۔ پاکستان اور بھارت کشیدگی کم کرنے کے لئے اقدامات کریں۔ دو طرفہ مسائل پرامن طریقے سے حل کیے جائیں۔

مزیدخبریں